پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ غنیٰ علی نے فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں ریلیز کی خبر پر دلچسپ انداز میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔
فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی 30 دسمبر کو بھارت میں ریلیز کی خبر پر پاکستانی سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
دیگر صارفین کی طرح اداکارہ غنیٰ علی بھی اس خبر پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرنے سےخود کو نہ روک سکیں۔
اُنہوں نے فلم کی بھارت میں ریلیز پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ اب فواد خان کا انداز کچھ یوں ہوگا! تم مجھے وہاں آنے سے روک سکتے ہو، میرے کام کو کیسے روکو گے؟‘
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود بھی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں ریلیز پر غور کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فلم کی بھارتی ریاست پنجاب اور دہلی میں ریلیز ’زی اسٹوڈیوز‘ کروارہا ہے۔
زی اسٹوڈیوز کی جانب سے فلم کی پنجاب اور دہلی میں ریلیز کی یہ وجہ بتائی گئی ہے کہ مذکورہ فلم پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے، اس لیے فلم کی شمالی بھارت میں شاندار پذیرائی کے امکانات زیادہ ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ابھی اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ فلم کو بھارت کے کن کن شہروں میں ریلیز کیا جائے گا لیکن امید ہے کہ ’زی اسٹوڈیوز‘ کی جانب سے فلم کی پنجاب اور دہلی میں ریلیز کے بعد اسے بھارت کے بڑے شہروں جیسے پونے، حیدرآباد، ممبئی اور بنگلور میں بھی ریلیز کردیا جائے گا۔
دوسری جانب، بھارتی ریاست نیو دہلی کے شہر گرگاؤں میں واقع ’PVR‘ سینماز نے اپنی ویب سائٹ پر’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پوسٹر اپلوڈ کرتے ہوئے فلم کی 30 دسمبر کو ریلیز کا اعلان بھی کردیا ہے جبکہ بھارتی پنجاب سے یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ وہاں کے سینما گھروں میں فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔