• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عماد عرفانی نے نعیمہ بٹ کے بیان پر کیا ردعمل دیا؟


عماد عرفانی نے نعیمہ بٹ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرامے میں ہماری آف اسکرین کیمسٹری اتنی زبردست تھی کہ اس کا مثبت اثر اسکرین پر بھی آیا۔

اداکار عماد عرفانی نے ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم میں عدیل کا کردار ادا کر کے ناظرین کے دل جیتے، ان کا کردار منفی ہونے کے باوجود اپنی وجاہت اور انداز کی وجہ سے بے حد مقبول ہوا، عماد عرفانی کو پچھلے سال بھر شائقین کی طرف سے خوب محبت ملی تھی۔

حال ہی میں ان کی ساتھی اداکارہ نعیمہ بٹ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ڈرامے کے سیٹ پر ان کے ساتھ کچھ اداکاروں نے مناسب رویہ نہیں رکھا۔

البتہ انہوں نے خاص طور پر عماد عرفانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین سپورٹ کرنے والے ساتھی تھے۔

جب عماد عرفانی سے ایک پروگرام میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نعیمہ کے تجربے کے بارے میں نہیں جانتا، میں صرف اپنا نکتہ نظر بیان کر سکتا ہوں، میرے لیے یہ میری زندگی کا بہترین تجربہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا میں نے جاوید شیخ، بشریٰ انصاری اور دیگر سینئرز کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا، فہد مصطفیٰ کے ساتھ تو جیسے بھائی جیسا رشتہ محسوس ہوتا تھا، ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ دونوں کے ساتھ میرے انتہائی چیلنجنگ مناظر تھے اور میں نے بھرپور لطف اٹھایا، اگر موقع ملا تو میں ضرور اس تجربے کو دوبارہ جینا چاہوں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری آف اسکرین کیمسٹری اتنی زبردست تھی کہ اس کا مثبت اثر اسکرین پر بھی آیا اور ناظرین نے بھی اسے محسوس کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید