بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی میں شرکت کے لئے جانے والے پیپلز پارٹی وزرا تنقید کی زد میں آگئے۔
جہاز میں شیری رحمان کی ٹک ٹاک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر صارفین نے تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
ایک ٹوئٹر صارف نے ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ’شادیوں والا میک اپ، ناچ گانے اور جہاز کی مفت سیر، یہ بےنظیر کی برسی پر جا رہے ہیں یا میوزیکل نائٹ پر جا رہے ہیں؟‘
پارٹی ذرائع کے مطابق پی پی ارکان اسمبلی شیری رحمان سے سخت ناراض ہیں، شیری رحمان کی ٹک ٹاک ویڈیو کے باعث تنقید کا نشانہ بنے، پارٹی پر تنقید ہوئی۔
شرمیلا فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ اخراجات ارکان اسمبلی نے اپنی جیب سے ادا کیے، چارٹر کمپنی کو کراچی تا سکھر اور پھر واپس کراچی آنے کے لئے 14 لاکھ 25 ہزار روپے کرایہ دیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے 19 وی آئی پیز نے چارٹر طیارے میں سفر کیا، پرواز میں پی پی کے وفاقی و صوبائی وزرا سمیت ارکان اسمبلی نے سفر کیا۔
ایوی ایشن کمپنی نے پی پی وزرا و ارکان سے دو طرفہ ٹرپ کے 75 ہزار فی مسافر چارج کیے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو ایک طرفہ سفر کے بھی 75 ہزار چارج کیے گئے۔
بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے 27 دسمبر کو نجی ایوی ایشن کمپنی کا طیارہ چارٹر کیا گیا تھا۔
چارٹر طیارے میں وفاقی وزیر شیری رحمان، قادر پٹیل، نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینيٹر تاج حیدر نے سفر کیا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیر جام خان شورو، گیان چند ایسرانی، رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی، سعدیہ جاوید سمیت دیگر نے برسی میں شرکت کے لیے چارٹر طیارے میں سفر کیا تھا۔