کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 8 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بی بی اے کا طالبعلم جاں بحق ہوگیا، مقتول فوٹوگرافی کرکے واپس آرہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا، مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نارتھ کراچی سیکٹر 8 میں نامعلوم ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر 26 سالہ جہانگیر کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے مقتول کو زخمی کردیا۔
مقتول کو شدید زخمی حالت میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ جہانگیر بی بی اے کا طالب تھا اور شادی بیاہ کی تقاریب میں فوٹوگرافی کرتا تھا، واقعہ سے قبل بھی فوٹو شوٹ کر کے گھر کے قریب پہنچا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور کی 9 گولیاں ملی ہیں، جبکہ 3 گولیوں کے خول بھی ملے ہیں، نوجوان کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے بھائی کو قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی حاصل کر لی ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔