بھارت میں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کو ملک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر روک دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے پہلے فلم کی ریلیز کے تاخیر کا شکار ہونے کی اطلاع دی تھی لیکن اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ فلم کی ریلیز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں متعلقہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ہمیں فلم کے ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے یہ بتایا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے، یہ اطلاع ہمیں دو تین دن پہلے دی گئی اور اب تک ہمیں فلم کی ریلیز کے لیے کوئی نئی تاریخ نہیں دی گئی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ زی اسٹوڈیوز نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے حقوق حاصل کر لیے تھے کیونکہ اُنہیں فلم کی بھارت میں شاندار پذیرائی کی توقع ہے۔
دنیا بھر میں فلم کی شاندار پذیرائی کے بعد بھارت میں موجود فلمی شائقین اور خاص طور پر فلم کی کاسٹ میں شامل نامور پاکستانی اداکاروں کے بھارتی مداح بھی اس فلم کو دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں، تاہم بعض طبقات کی مزاحمت کی وجہ سے فلم کو بھارت میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے باکس آفس پر بالی ووڈ کی کئی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ فلم برطانیہ میں 1.39 ملین پاؤنڈز کا ریکارڈ بزنس کرنے کے بعد بالی ووڈ کی فلم ’پدماوت‘، ’ریس 3‘، ’زیرو‘، ’RRR’ ،‘KGF 2‘، ’سنجو‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی ہٹ فلموں کو مات دے کر باکس آفس پر برِصغیر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے۔