جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں ممکنہ ریلیز سے متعلق خبروں کی تردید کردی گئی ہے۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ یورپ، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ میں زبردست پذیرائی حاصل کرنے کے بعد اب یہ فلم بھارت میں بھی ریلیز ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھارت میں 23 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ’ہمیں امید ہے کہ بھارتی شائقین اس فلم کو سینما گھروں میں بھی دیکھیں گے‘۔
انہوں نے بھارت میں پاکستانی فلم کی ریلیز کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی تک ہماری بھارت میں کسی سے بھی اس طرح کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی‘۔
واضح رہےکہ فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے باکس آفس پر بالی ووڈ کی کئی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ فلم برطانیہ میں 1.39 ملین پاؤنڈز کا ریکارڈ بزنس کرنے کے بعد بالی ووڈ کی فلم ’پدماوت‘، ’ریس 3‘، ’زیرو‘، ’RRR’ ،‘KGF 2‘، ’سنجو‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی ہٹ فلموں کو مات دے کر باکس آفس پر برصغیر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے۔