وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، یہ حکومت کے معاونین ہوسکتے ہیں حکمران نہیں۔
شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ کچھ ٹیکنوکریٹس ہر دور میں وزیر اور مشیر بننے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ٹیکنوکریٹس حکومت کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، ہمیں معاشی بحران سے نکلنے کے لیے جامع اصلاحات کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی، پرویز مشرف نے بھی 9 سال ٹیکنوکریٹس کے سہارے حکومت کی تھی، یہ حکومت کے معاونین ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت بچانے کے لیے عمران خان دور کے مالیاتی معاہدوں پر عمل درآمد مجبوری ہے، یوریا کی ذخیرہ اندوزی سے پنجاب کے کاشت کاروں کو مشکلات ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ کھاد کی عدم دستیابی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، پچھلی حکومت ملک میں تباہی اور ڈی ویلیویشن کی بنیاد رکھ کر گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے برآمدات میں اضافے کی ضرورت ہے، دوست ممالک بھی ہماری معیشت کے استحکام میں مدد کر رہے ہیں۔