امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ڈرگ مافیا، آٹا مافیا نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں پناہ لے رکھی ہے، جنہیں جیل میں ہونا چاہیے تھا انہیں سینیٹر اور رکن اسمبلی بنادیا گیا۔
حیدرآباد میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جنہوں نے دولت لوٹ کر باہر کے بینکوں میں رکھی ان کے پیٹ سے پیسہ نکالیں گے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں بھی کرپشن ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں آپ کامیاب اور خوشحال ہوں، عزت کے ساتھ جینا نصیب ہو، ہمارے ملک میں زراعت اور صنعت ترقی کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشکول لے کر دنیا میں در در پھرنے والے حکمران نہ ہوں، یہ 40 چور ہیں اور علی بابا ایک ہے، 40 چوروں کو جیل جانا پڑے گا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ یہ ایکسپوز ہوگئے، یہ چہرہ دکھانے کے قابل نہیں۔