• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری، ذرائع

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں، ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آر او بیلٹ پیپرز سے متعلق لوازمات ایک سے دو دن میں مکمل کریں گے، آر اوز بیلٹ پیپرز ضابطے کی کارروائی کے بعد پریزائیڈنگ افسران کو دیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے 52 لاکھ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں، توقع ہے اسلام آباد پولیس ایک دو دن میں سیکیورٹی پلان الیکشن کمیشن کو دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی پلان کی تیاری میں اس پہلو کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کا تعلق زیادہ تر محکمہ تعلیم سے ہے، 14 ہزار پولنگ عملے میں نصف کا تعلق محکمہ تعلیم سے ہے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے 8 جنوری تک چھٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ہزار کے قریب پولنگ عملہ اس وقت اسلام آباد سے باہر ہے، پولنگ عملے سے رابطہ کیا جا رہا ہے، ہنگامی لیٹر لکھے جا رہے ہیں، دور دراز علاقوں میں مقیم پولنگ عملے کی واپسی میں 3 سے 4 روز لگ سکتے ہیں، ٹرانسپورٹ پلان بنانے کے لیے بھی وقت درکار ہے، الیکشن کے لیے کنٹرول روم بننا ہے۔

قومی خبریں سے مزید