پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے عمران خان حکومت میں آصف زرداری کو ملنے والی طبی پیشکشوں کا انکشاف کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر 3 بار بیرون ملک جانے کی پیشکش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے حکومت پیشکش پر بیرون ملک جانے سے انکار کردیا۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ عمران خان کے دور میں آصف زرداری کے کیس کراچی منتقل نہیں ہوئے، میرا کیس بھی کراچی منتقل نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور میرا کوئی کیس سندھ میں ٹرانسفر نہیں ہوا، سابق صدر کی ضمانت ضرور منظور ہوئی، وہ تو آج نہیں تو کل ہونی ہی تھی۔
سلیم مانڈوی والا نے یہ بھی کہا کہ میں سمجھتا ہوں کوئی کیس کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنا، آصف زرداری کو اسٹیبلشمنٹ نے صرف یہ کہا کہ آپ ملک سے باہر چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بھی کہا گیا کہ میں ملک سے باہر چلا جاؤں، میں نے انکار کردیا، ہمارے کیسز آج بھی اسلام آباد میں ہی چل رہے ہیں۔
پی پی سینیٹر نے کہا کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں یہی سن رہا ہوں کہ کوئی نگراں حکومت آئے گی اور سب ٹھیک کرے گی، میں نے کبھی کسی نگراں حکومت کو فیصلہ کرتے نہیں دیکھا۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کراچی کا میئر پیپلز پارٹی سے ہونے کا بلاول بھٹو کا بیان سیاسی تھا، اصل میں تو جو پارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات جیتےگی میئر اسی کا بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایم کیوایم کو میئر شپ بھی دے چکے ہیں، متحدہ کے لوگ ہم سے اپنی مرضی سے مل رہے ہیں۔