• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کئی سال سے یکم جنوری کو میرا کالم اسی موضوع پر ہوتا ہے، لوگ کالم پڑھ کر پورا سال آئیڈیاز و ٹارگٹ پر مشاورت جاری رکھتے ہیں کیونکہ ریسرچ اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ علم ہونے، ٹارگٹ بنانے، ڈائری میں لکھنے یا بعض دفعہ مکمل منصوبہ بندی کے باوجود انسانی کمزوری کے جال میں پھنس کرانسان اپنے ہی بنائے ہوئے ٹارگٹ کو پورانہیں کرتا ، جیسے موبائل کو چارج کرناضروری ہے، ایسے ہی دماغ کو یاد دہانی کراتے رہنابھی ضروری ہوتا ہے ۔ زندگی کو زندگی کے حال پر نہیں چھوڑنا، 2023 کی تیز رفتار کے ساتھ چلنا ہے۔ تنہائی کو پاک رکھنا ، بندہ و ہی ہوتا ہے جو تنہائی میں ہو ۔ مومن وہ ہے جس کا ہر آنے والا دن گزرے دن سے بہتر ہو، کامیاب لوگوں کی نشانی یہ بھی ہے کہ وہ سورج طلوع ہونے سے پہلے خود طلوع ہوتے ہیں۔ سال کے نئے گول اچیو کرنے کی پلاننگ کریں اور پھر روزانہ ہفتہ وار، پندرہ روزہ اور ماہانہ بنیادوں پر منصوبہ بندی جاری رکھیں ۔سال کا ہر ماہ ، ہر ماہ کے پندرہ دن ، مہینہ کے چار ہفتے ، ہر ہفتہ کا ہر دن ،ہر دن کے 24 گھنٹے، 24 گھنٹوں کا ہر گھنٹہ اور ہر گھنٹے کے 60 منٹ، ہر منٹ کے 60 سکینڈ آپ کے لئے اہم ہیں ، زندگی ایک پہیہ ہے اور پہیہ رکنا نہیں چاہیے، جب زندگی کا پہیہ رک گیا تو سمجھیں کہ آپ رک گئے۔ زندگی سلیقہ ہم سے مانگتی ہے ، جیسے سفر کیلئے طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے ایسے ہی ہمیشہ دن، ہفتہ، مہینہ اور سال کو گزرانا چاہیے ،مسلسل کامیابی کے پیچھے منصوبہ بندی ہوتی ہے اور منصوبہ بندی ہی بندے کو ترقی کی منزل تک لے جاتی ہے، چاہے بندہ دنیاوی ترقی کرنا چاہتا ہو یا روحانی ، روحانیت میں بھی فرائض و واجبات کے بعد نوافل ووظائف کرنے سے ہی روحانیت آتی ہے۔ سب سے اچھے دوست آپ کے والدین ہیں جن کاموں سے روکیں رک جائیں، جن فضول لوگوں سے تعلق توڑنے کا کہیں ہمیشہ کیلئے ان سے تعلق توڑ دیں۔ فضول لوگ ہمیشہ آپ کو فضولیات میں گمراہ رکھتے ہیں جبکہ والدین ہمیشہ آپ کے فائدہ کی بات کرتے ہیں، طلباء وطالبات اپنی تعلیم پر فوکس رکھیں جبکہ فضول لوگ جو جعلی دوست بنتے ہیں وہ آپ کو نقصان ہی پہنچائیں گے ۔ اس لئے آج ہی عہد کریں کہ اپنا یوٹیوب چینل بنائیں، معیاری اخلاقیات پر مبنی ویڈیوز بنائیں، مثلاً میں نے اپنے بچوں کے ابھی سے یوٹیوب چینل بنائے ہیں جو روز پڑھتے ہیں، سنتے ہیں، سمجھتے ہیں، اس کی ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کر دیتے ہیں۔ بہترین دن بہترین زندگی کی علامت ہوتا ہے، معیاری کتابیں پڑھیں، انرجی دینے والی اور مزاح پر مبنی ویڈیوز دیکھیں، دوسروں سے کام لینا چاہتے ہیں تو پھر دوسروں کے کام آنا شروع کریں،خوب صورت ،سیرت و کردار والے لوگوں کی مجالس اختیار کریں، منفی سوچنا چھوڑیں اور نئے خوب صورت دوستوں کا اضافہ کرتے جائیں، محنت کرتے رہیں، آگے بڑھتے رہیں، یہ ہی زندگی ہے جس کی زندگی آگے نہ بڑھے وہ دھرتی پر بوجھ ہوا کرتے ہیں بلکہ جس شعبہ کی طرف آپ نے گامزن ہونا ہے آج ہی ہو جائیں تاکہ زندگی آگے ہی بڑھتی چلے ۔تین سال پہلے لکھا تھا کہ مہنگائی بڑھے گی لہٰذا آج ہی مزید آمدن کے ذرائع پیدا کریں تاکہ آنے والے دنوں میں آپ کی زندگی میں آسودگی آئے، نہ کہ غربت کی وجہ سے آپ ، آپ کے بچے اور آپ کا خاندان پیچھے رہ جائے۔ دوسروں کی زندگی نہیں صرف اپنی زندگی پر ہی غور و فکر کرتے رہیں، روزانہ کی بنیاد پر دوستوں کی مجلس میں آنا جانا کم کریں ورنہ اہمیت کھو دیں گے۔ وقت کی قدر خود کریں، اولاد و ملازمین کو وقت کی اہمیت سمجھائیں۔ موبائل کا ڈیٹا صرف ضرورت کے وقت آن کریں ، بچوں کے سامنے سوائے مجبوری کے موبائل کا استعمال ہرگز نہ کریں ، چغلی غیبت ،جھوٹ اور دیگرخرافات والے کاموں سے دور بھاگیں ،کھانا کھاتے وقت آپ کے منہ ،آپ کے بچوں اور شاگردوں کے منہ سے آواز نہیں آنی چاہئے، منہ کھلا نہیں ہونا چاہئے ۔

اگر آپ کو انگریزی وعربی نہیں آتی، تلفظ ٹھیک نہیں تو پانچ ایسے الفاظ روزانہ کی بنیاد پر یاد کریں، آج ہی ڈائری لیں ،روزانہ کی بنیاد پر اپنا شیڈول بنائیں اور یوں آپکی زندگی میں گھریلو دفتری لڑائیاں 80فیصد ختم ہو جائیں گی، دفتری ملازمین جو اچھے ہیں ان کو قریب کریں، دوسرے اسٹاف پر محنت کریں لیکن اگر محنت کے باوجود وہ محنت کی عادی نہیں بنتے تو پھر جلد ایسے اسٹاف سے چھٹکارہ حاصل کر لیں۔ کاروبار کرتے ہیں تو شرعی اخلاقی آئینی طور پر آپ کا فرض بنتا ہے کہ اس کو رجسٹرڈ کرائیں اور جس ملک میں بھی رہتے ہیں وہاں ٹیکس دیں۔ انسان دوست ،تعلیم دوست ،انصاف پسند اور انسانیت نواز رہیں۔

تازہ ترین