وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دوست ممالک 9 جنوری کو اکٹھے ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اقوام متحدہ اور وزیراعظم کی سربراہی میں پُرعزم پاکستان کانفرنس 9 جنوری کو ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، سیلاب نے پاکستان کی زرعی پیداوار کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خزانہ خالی کرکے گئی ہے، حکومت پاکستان کو پی ٹی آئی نے کرنسی کی بےقدری سے دوچار کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت آنے سے پہلے یکم اپریل 2022 کو ترقیاتی فنڈ کیلئے رقم جاری نہیں کی گئی، پی ٹی آئی حکومت جواب دے آخری سہ ماہی میں پیسے جاری کیوں نہیں کیے۔