چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان طلب کرنے پر پیش ہوئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں نور عالم خان نے اکبر ناصر خان کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب، کیا آپ کو ملک میں تھریٹ کا علم ہے؟
انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی کے ہاسٹل اور پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا جائے، کوئی معلوم نہیں کون لاجز میں آتا اور جاتا ہے۔
چیئرمین پی اے سی نے مزید کہا کہ آغا خان روڈ پر واقع ہوٹل کے سامنے پارکنگ سیکیورٹی تھریٹ ہے۔
دوران اجلاس پی اے سی نے آغا خان روڈ پر ہوٹل کے سامنے پارکنگ فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہدایت کی کہ ریڈ زون کی عمارتوں میں مستقل آنے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے۔
پی اے سی نے ہدایت کی کہ وی آئی پی موومنٹ کےلیے ٹریفک سگنلز بند نہ کیے جائے۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد کو شہر میں گداگروں کے خلاف آپریشن کی ہدایت کی اور کہا کہ دہشت گرد گداگروں کے روپ میں کارروائیاں کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے پی اے سی کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔