جی ایچ کیو نے کراچی اور حیدر آباد کے بلدیاتی انتخابات میں اسٹیٹک تعیناتی سے انکار کر دیا ہے۔
وزارتِ داخلہ نے اس ضمن میں جوابی خط لکھ کر الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 15 جنوری کو حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی گئی تھی۔
وزارتِ داخلہ کے جوابی خط کے مطابق معاملہ جی ایچ کیو کے ساتھ اٹھایا گیا۔
جی ایچ کیو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اسٹیٹک تعیناتی فراہم کرنے کی ذمے دار ہے، سول آرمڈ فورسز اور فوج صرف دوسرے یا تیسرے درجے پر تعینات کی جا سکتی ہے۔
اس وقت فوج سرحدوں اور اندرونی سیکیورٹی پر تعینات ہے، 2395 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر 20 ہزار فوج اور رینجرز نہیں دی جا سکتی۔
فوج اور رینجرز دوسرے اور تیسرے درجے پر تعیناتی کے لیے دستیاب ہو گی۔
دوسرے اور تیسرے درجے پر فوج و رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن وزارتِ داخلہ پہلے ہی جاری کر چکی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن پہلے ہی 8924 پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دے چکا ہے، اس کی جانب سے کسی پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار نہیں دیا گیا۔