سکھرنوڈیرو+خیرپورناتھن شاہ (بیورو رپورٹ نامہ نگار ان) سٹیزن ویلفیئر آرگنائزیشن ،سکھر پیس موومنٹ سمیت دیگر سماجی تنظیموں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں کئی کئی گھنٹوں کی اعلانیہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے ، کم وولٹیج اور شہر کے مختلف علاقوں میں خراب ٹرانسفارمر کی مرمت پر سیپکو کے اہلکاروں کی طرف سے شہریوں سے رقم کی وصولی ،شدید گرمیوں کے موسم میں ٹرانسفارمر اتارنے پر عوام نے سیپکو کے خلاف ہاتھوں میں پیڈسٹل فین اٹھا کر شکارپور روڈ پر احتجاج کیا۔ مظاہرے کی قیادت اشفاق بھٹی ، عمران علی نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیپکو انتظامیہ نے سکھر شہر میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کر کے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے، حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود سیپکو انتظامیہ نے اس اعلان کو بالائے طاق رکھ کر عام دنوں کی لوڈشیڈنگ سے زیادہ لوڈشیڈنگ کر کے معمولات زندگی کو مفلوج کر کے سکھر کی عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے، کاروبار ی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ روزہ داروں کی دن ، رات مشکلات کا سامنا رہتا ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ راتوں کو نیند پوری نہیں کرسکتے اور دن میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ، طویل بندش ، لوگوں کو شدید گرمی میں سکھ کا سانس نہیں لینے دیتی ۔ نوڈیرو عوام کو پریشان کرنے کے لیے شہر میں مختلف محلوں کے ٹرانسفارمرز خراب ہو گئے ہیں جن کی مرمت کرانے کے لیئے محلے والوں سے چندہ کرنے کے لے کہا گیا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے سلیم چنہ، فنکشنل لیگ کے نسیم مگنیجو، مزدور اتحاد کے صاحب خان شیخ اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ سیپکو آپریشن کی جانب سے نوڈیرو میں 14 سے16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ سٹی فیڈر پر لوڈ ڈالتے ہوئے گرد و نواح کے گاؤں میں بجلی منقطع کر دی ہے سٹی فیڈر پر لوڈ زیادہ ہونے کے باعث سٹی اور گرد و نواح کے گاؤں کو بجلی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف محلوں جن میں کھڑا، میمن ، غریب آباد، پوسٹ آفس، شاہی بازار، گھاڑ واہ اور سول اسپتال کے ٹرانسفارمرز دو مہینے سے خراب پڑے ہوئے ہیں جن کو ابھی تک درست نہیں کیا گیا۔ہم وزیر اعظم پاکستان اور متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ رمضان المبارک میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ خیرپورناتھن شاہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، تعمیراتی کاموں میں ناقص مٹیریل کا استعمال،پینے کے پانی کی کمی،صفائی کے ناقص نظام، سرکاری پلاٹوں پر قبضہ اور دیگر مسائل حل کرانے کیلیئے ایس ٹی پی،جسقم،قومی عوامی تحریک،جے یو آئی(ف)،پیپلز پارٹی(ش ب)عوامی اتحاد پارٹی اور دیگر تنظیموں کی جانب سےاحتجاجی مظاھرہ کرنے کے بعد دھرنا دیا گیا ۔اس موقع پر مظاھرین نے شدید نعریبازی کی جبکہ فقیر علی حسن جانوری،آصف کھوسہ،حافظ انور کھوہارو،وحید لاکھیر،سومر چانڈیو اور دیگر رھنماؤں نےخطاب کرتے ہوئے جلد از جلد مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر احتجاجی تحریک جاری رکھنے کی وارننگ دی ۔