امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز نے لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ سے ملاقات کی ہے۔
یہ ملاقات لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں ہوئی، سی آئی اے سربراہ کا یہ دورہ غیر معمولی نوعیت کا ہے۔
لیبیا میں دو مسابقتی حکومتیں کام کر رہی ہیں، طرابلس میں قائم حکومت نے اپنے فیس بک پیج کے ذریعے بتایا کہ سی آئی اے ڈائریکٹر اور وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے معاشی اور سلامتی معاملات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں لیبیا کے وزیر خارجہ، انٹیلیجنس ایجنسی چیف، کابینہ امور کے وزیر اور وزیراعظم عادل جمعہ بھی شامل تھے۔
پچھلے مہینے لیبیا نے سابق انٹیلی جنس افسر کو امریکا کے حوالے کیا تھا، اس افسر پر 1988 کے دوران اسکاٹ لینڈ میں کمرشل فلائٹ پر بم دھماکے کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔
پرواز میں بم دھماکے سے تمام مسافروں سمیت گراؤنڈ پر موجود 11 افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔