بھارتی شہر بنگلور میں شور شرابے کی شکایت پر پولیس کے چھاپے میں 21 سالہ خاتون ہوٹل کی بالکونی سے پائپ کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گر کر شدید زخمی ہو گئی۔
خاتون کے والد کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق ان کی بیٹی دوستوں کے ہمراہ بروک فیلڈ کے علاقے میں واقع سی اِی اِسٹا لاج گئی تھی، جہاں گروپ نے پارٹی کے لیے تین کمرے بک کر رکھے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پارٹی رات تقریباً ایک بجے شروع ہوئی اور صبح پانچ بجے تک جاری رہی، اس دوران قریبی رہائشیوں نے شور اور بدنظمی کی شکایت کرتے ہوئے ہیلپ لائن پر پولیس کو اطلاع دی، اطلاع ملنے پر پولیس ہوٹل پہنچی اور مبینہ طور پر گروپ کو سختی سے تنبیہ کی کہ ان کے شور شرابے سے آس پاس کے رہائشیوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔
پولیس کی آمد کے بعد خاتون مبینہ طور پر گھبرا گئی اور چوتھی منزل پر واقع کمرے کی بالکونی سے پائپ کے سہارے نیچے اتر کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم توازن بگڑنے کے باعث وہ نیچے گر گئی اور شدید زخمی ہو گئی۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے سی اِی اِسٹا لاج کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جس میں ہوٹل انتظامیہ پر غفلت کا الزام لگایا گیا ہے۔
شکایت میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے خاتون کے دوستوں، ہوٹل کے عملے اور موقع پر موجود پولیس اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے تاکہ انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔