وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ایک بدبخت سیاسی لیڈر ملک کو ڈیفالٹ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی محنت اور کوششوں سے ملک کی معیشت بحرانی کیفیت سے نکل آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک بدبخت سیاسی لیڈر ملک کو ڈیفالٹ کرنےپرتلا ہوا ہے،ہم نے اپنی پوری کوشش کی کہ اسمبلی نہ ٹوٹے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وقت سے پہلے اسمبلیاں توڑنا غیرجمہوری اور غیرآئینی کام ہے، پہلے اسمبلیاں مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر توڑا کرتےتھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب آمریت کی سوچ رکھنے والا سیاسی آمر اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ ہم نے غیر جمہوری عمل کاساتھ نہیں دیا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ الیکشن ہوتا ہے تو ہم پوری طرح تیار ہیں، بعض معاملات آئینی اور قانونی طور پر جائز ہونے کے باوجود نامناسب ہوتے ہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے سائفر والےمعاملے پر سفارتی محاز پر ملک کا نقصان کیا، اس نے اپنی انا اور ضد کی خاطر غلط بیانیے اور جھوٹے ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔