وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کی سمری سے متعلق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان آزاد ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ پرویز الہٰی نے 186 نمبر پورے کرکے اپنی ہی حکومت گرادی، انہوں نے اپنی ہی حکومت ختم کی انہیں بہت مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے کل تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سے متعلق پیغام بھجوایا لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا کیونکہ ہم ان حالات کامقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جو بھی حالات ہوں گے ان کا مقابلہ کریں گے، ہم الیکشن میں جانے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن جب بھی ہوں گے مدت پوری کرکے ہی ہوں گے، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری سے متعلق گورنر صاحب آزاد ہیں۔