• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن

فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی حکومت سندھ کی درخواست مسترد کردی اور کہا ہے کہ کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی ہوں گے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے جاری اعلامیےمیں سندھ حکومت کو پرُ امن انتخابات کے لئے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست پر غور کے لیے اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

 الیکشن کمشنرسندھ اعجاز انور بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کل کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا۔

 خط میں درخواست کی گئی تھی کہ کراچی اور حیدرآباد میں کل ہونے والے انتخابات ملتوی کیے جائیں۔

بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری

دوسری جانب کراچی میں اتوار (15 جنوری) کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔

کراچی میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے کیمپ آفس میں پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا ہے، پولنگ کا سامان پہنچنے کے بعد ڈی آر او آفس میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید