• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لالہ عبدالطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے، شہباز شریف

شہباز شریف—فائل فوٹو
شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت یہ دہشت گردی کرنے والوں کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلائے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عبدالطیف آفریدی نے تمام عمر آئین کی سر بلندی اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ عبدالطیف آفریدی نے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کی، وہ ایک اعلیٰ قانون دان اور بہادر سیاسی رہنما تھے، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت پر انہیں یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ حق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے اور نتائج کی پرواہ نہیں کرتے تھے، افسوس آج آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی ایک توانا آواز خاموش ہو گئی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ پشاور میں سینئر وکیل عبدالطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق عبدالطیف آفریدی پر پشاور ہائی کورٹ کی حدود میں فائرنگ کی گئی، ان کو 6 گولیاں لگی تھیں۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید