سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹرمحمد عابد نے سیالکوٹ میں ماہ رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کی غرض سے نیو سبزی منڈی سیالکوٹ کا دورہ کیا اور سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی ، معیار اور آکشن کے عمل کا جائزہ لیا ۔بعدازاں انہوں نے سیالکوٹ ، سمبڑیال اور ڈسکہ کے رمضان بازاروں کا بھی دورہ کیا اور اشیائے خورد نوش کی قیمتوں اور رمضان بازاروں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی سیالکوٹ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈی سی او نے مارکیٹ کمیٹی اور محکمہ زراعت کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں میں اعلیٰ کوالٹی کی سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ یادرہے کہ پھلوں اور دودھ دہی کی قیمتوں پر قابو پانے میں ضلعی انتظامیہ ناکام نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے غریب سحری میں دہی اور افطاری میں پھل کھانے سے محروم ہیں۔