• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن سے پہلے عمران خان گرفتار ہو سکتے ہیں، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ الیکشن سے پہلے عمران خان گرفتار ہو سکتے ہیں ، لیکن پی ٹی آئی کو اس کی کوئی پروا نہیں کیوں کہ اس سے تو پی ٹی آئی اور مضبوط ہوگی۔

  جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پہلے انہیں اسمبلی میں آنے کی دعوت دی پھر استعفے قبول کر لیے۔

 اسد قیصر نے کہا کہ حکومت خود ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ سیاسی عدم استحکام ہو، ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ تمام استعفے منظور کیے جائیں، اسپیکر قومی اسمبلی نےجو کچھ کیا وہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کی بات میں تضاد ہے، 35 استعفوں کی منظوری کا فیصلہ ان کا نہیں ان کو کہا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم ملک میں فریش مینڈیٹ چاہتے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی بیڈ گورننس ایک مثال ہے، سندھ میں عام انتخابات سے متعلق اپنی حکمت عملی بنا رہے ہیں، ضمنی انتخابات میں سب کو پتا چل جائے گا، ضمنی انتخابات سے ہمیں فائدہ ہوگا ہمارے کارکن متحرک ہوں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ ایم کیو ایم کی کیا مجبوریاں ہیں، ہمیں ان سے ہمدردی ہے، حافظ نعیم الرحمان نے اچھی جدوجہد کی، وہ قابل تعریف ہیں، اب تک کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج نہیں دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں زیادہ خراب صورتحال تھی تب بھی انتخابات ہوئے، اس وقت ملک میں سیاسی بحران ہے، تمام اداروں کو اپنی حدود تک خود کو محدود کرنا ہوگا۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ اپنے دور میں انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے بات کرتے تھے، اس وقت بھی یہ میں نہ مانوں والی رٹ پر لگے رہتے تھے، ہم تو چاہتے ہیں کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں اور کسی کو اعتراض نہ ہو۔

قومی خبریں سے مزید