پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کیماڑی میں ڈی آر او کے دفتر پر پتھراؤ کے دوران علی زیدی پر حملے کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ علی زیدی اور تحریک انصاف کے کارکنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت عوامی مینڈیٹ چرانے کیلئے قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے ضلع کیماڑی میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر (ڈی آر او) کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوا تھا۔
دونوں پارٹی کے کارکنان کی جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا، ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ضلع کیماڑی کے ڈی آر او دفتر کے باہر احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے، دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔
جس کے بعد پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کارکنان نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کردیا۔
ڈی آر او آفس کے باہر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا۔
سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں پتھراؤ کے دوران پتھر لگنے سے دو میڈیا ورکرز بھی زخمی ہوئے۔