وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے شعبہ امیگریشن نے پاکستانی پاسپورٹ پر کراچی سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانگی کےلیے تیار ایرانی شہری کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے شعبہ امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی پاسپورٹ پر کراچی سے یو اے ای جاتے ہوئے ایرانی شہری کو روک لیا۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق امیر یوسف نامی ایرانی مسافر کو آف لوڈ کر کے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزم پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے وزٹ ویزے پر یو اے ای جا رہا تھا۔ دوران تفتیش ملزم اپنے خاندان سے متعلق مکمل طور پر لاعلم تھا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم اپنی جائے پیدائش اور دیگر متعلقہ سوالات پر بھی حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔
ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا جبکہ اس کی مزید تفتیش جاری ہے۔