• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر حملے کی تحقیقات: جے آئی ٹی کے ارکان تبدیل

عمران خان—فائل فوٹو
 عمران خان—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے ارکان کو تبدیل کر دیا گیا۔

غلام محمود ڈوگر کی سربراہی میں نئے جے آئی ٹی ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے نئے ارکان میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد اکمل، ایس پی انجم کمال اور ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی محکمے کے چوتھے رکن کی تقرری کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرانی جے آئی ٹی میں اختلافات سامنے آنے پر نئے ارکان کی تقرری کی گئی ہے۔

پرانے ارکان نے جے آئی ٹی کے سربراہ کی تفتیش اور طریقہ کار پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ سابق ممبران نے غلام محمود ڈوگر پر سیاسی بنیادوں پر تفتیش کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید