• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، بیشتر جگہ بجلی غائب

ملک بھر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کو 16 گھنٹے ہوگئے، بیشتر علاقوں میں بجلی بحال نہ ہو سکی، لاہور میں 15 گھنٹے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بحال ہونے لگی۔

ملک بھر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی سے پشاور، گلگت سے گوادر تک، پورا ملک آج صبح ساڑھے سات بجے بجلی سے محروم ہوگیا۔ دن بھر لوگوں نے بجلی کے بغیر گزارا۔ ایک سے زائد بار بجلی کی بحالی کی کوششیں کی گئیں، مگر بے سود رہیں۔

مجموعی طور پر ملک بھر میں بجلی کی بندش کو 16  گھنٹوں سے زائد وقت گزر گيا، اس دوران پشاور سے وارسک ڈیم سے بجلی بحالی کی ایک کوشش ناکام بھی ہوئی۔

 بجلی جانے کی وجہ بھی معلوم نہ ہو سکی، دن میں ایک وقت ایسا بھی گزرا کہ پورے ملک میں ایک یونٹ بجلی بھی نہیں تھی۔

بجلی کی بندش سے ملک بھر میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا کام ٹھپ ہوگیا، مختلف اسپتالوں میں آپریشن ملتوی ہوگئے جبکہ دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔

کراچی: نیشنل گرڈ سے 1000 میگاواٹ کی کمی سے پورا شہر متاثر

 گرمیوں میں 3200 اور سردیوں میں2200 میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، کے الیکٹرک ہزار میگا واٹ سے زائد کی بجلی بھی بریک ڈاؤن کے باعث فراہم نہ کر سکی۔

کورنگی نمبر 5، فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی،  گلشن اقبال کے کچھ علاقوں میں جزوی طور پر بجلی بحال ہوئی۔

گلشن اقبال ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی، گلستان جوہر کے کچھ بلاکس میں بھی بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی۔

 ڈیفنس فیز ون، بہادرآباد، شرف آباد، دھوراجی میں جزوی طور پر بجلی بحال ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  بجلی کی بندش پر نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

وزیر توانائی خرم دستگیر کا دعویٰ ہے کہ بلوچستان اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے، رات تک ملک بھر میں بجلی بحال کر دی جائے گی، ماہرین کے مطابق مکمل بحالی صبح تک ہی ہو سکے گی۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کراچی میں بجلی اس وقت بحال ہوگی جب نیشنل گرڈ سے بجلی آئے گی۔

قومی خبریں سے مزید