• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی والے استعفیٰ دے کر خجل خوار ہورہے ہیں، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے خود ہی استعفیٰ دے کر خجل خوار ہورہے ہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے استعفے دینے کے بعد اب کہتے ہیں قبول نہ کیے جائیں، پوچھتا ہوں پہلے دیے کیوں تھے؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جس اسمبلی پر لعنت بھیج کر گئے تھے، اب اُسی میں آنا چاہتے ہیں، بڑی شرم کی بات ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان میں عدم استحکام کی جدوجہد کر رہا ہے، وہ مہم جوئی کر رہا ہے کہ پاکستان ڈی فالٹ کر جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ اس کا اقتدار ہے تو سب ٹھیک ورنہ پاکستان پر ایٹم بم بھی گرنا چاہیے اور اسے تقسیم بھی ہونا چاہیے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ میں پاکستان مریم نواز کے ساتھ پہنچوں گا، ملک کے عوام عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کردیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید