• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان سے اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔

کراچی میں سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی نااہلی نے ہمیں دیوالیہ کے قریب پہنچادیا ہے۔آزادی اظہار رائے کے نام پر قرآن کی بے حرمتی قبول نہیں ہے۔

تحریک لبیک کے تحت بھی کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان حیدر آباد اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

کراچی میں ٹی ایل پی کی ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچی۔

ملتان میں گھنٹہ گھر چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو پریس کلب پہنچ کر ختم ہوئی، مقررین نےکہا کہ حکومت سوئیڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرے۔

ملتان میں جماعت اسلامی نے احتجاج کرتے ہوئے سوئیڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

سرگودھا میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام عظمت قرآن ریلی نکالی گئی اور چوک بلاک 12 میں مظاہرہ کیا گیا۔

گوجرانوالہ میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، گوجرہ، کمالیہ بھکر، لودھراں بھی احتجاج اور ریلیاں نکالی گئیں۔

حیدرآباد میں جماعت اسلامی اور تحریک لبیک نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ استحکام پاکستان آرگنائزیشن کی پریس کانفرنس ہوئی جس میں ہندو، عیسائی اور شعیہ علماء کونسل کے نمائندگان نے شرکت کی، مقررین کا کہنا تھا کہ سوئیڈن سے تمام سطح کے تعلقات ختم کیے جائیں۔

جیکب آباد، کشمور، نواب شاہ، سجاول، ٹںڈوالہ یار سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

مردان، کوہاٹ، شبقدر، نکیال آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید