پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز ابوظبی سے لاہور پہنچ گئیں۔
مریم نواز نے پاکستان پہنچتے ہی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیغام جاری کیا۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کا جھنڈا (ایموجی) استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ پاک سر زمین شاد باد۔
ایئرپورٹ پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 3 سال بعد اپنے والد سے ملی، کبھی اتنا عرصہ ان سے دور نہیں رہی، نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کی حتمی تاریخ اس وقت نہیں دے سکتی، والد کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ تب دی جاسکے گی جب واپسی کا ٹکٹ بُک ہوگا لیکن وہ بہت جلد واپس آئیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ کبھی غلطی کروں یا ہائپر ہو جاؤں تو نواز شریف چیک کرتے ہیں، خوش قسمتی ہے ان سے سیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں، ابھی توجہ ن لیگ کو مضبوط کرنے پر ہے۔
یاد رہے کہ مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں لندن روانہ ہوئی تھیں، جہاں سے جنیوا جا کر انہوں نے اپنے گلے کی سرجری بھی کرائی تھی۔