سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مقابلوں اور کارروائی کے دوران 2ڈاکو ہلاک،5زخمی حالت میں گرفتار،50ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر گرفتار، اشتہاری، روپوش اور پولیس کو مطلوب 1567ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ ،منشیات، گاڑیاں اور دیگر سازوسامان برآمد کر لیا ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے پولیس کی ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان 19مقابلے ہوئے جن میں 2ڈاکو مارے گئے جبکہ 5ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، 50ڈاکو اور جرائم عناصر گرفتا رکئے گئے ، ڈاکوؤں کے قبضے سے4 کلاشنکوف،6 ہیون شیل،4 ہینڈ گرنیڈ، 6شاٹ گن،20پستول ،سینکڑوں گولیاں برآمد کر لی گئیں، ڈاکوؤں کے خلاف ضلع بھر میں جاری آپریشن کے دوران دو گروہوں کا خاتمہ کیا گیا، پولیس کو مطلوب اشتہاری اور روپوش ملزمان کے خلاف بھی مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں جس میں بڑی حد تک کامیابیاں حاصل ہوئیں اور 1500سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، ایس ایس پی امجد احمد شیخ کے مطابق پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن شروع کررکھا ہے ، ایک ماہ کے دوران متعدد منشیات کے اڈوں پر چھاپے مارے گئے او ربھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، برآمد کی جانے والی منشیات میں چرس110کلو 800گرام، بھنگ25کلو 790گرام، شراب 481بوتلیں اور سینکڑوں لیٹر کچی شراب شامل ہے ، پولیس نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس نے بڑی تعداد میں گاڑیاں بھی برآمد کی ہیں جن میں 55موٹر سائیکلیں، 5کاریں اور 3دیگر گاڑیاں شامل ہیں جو بھی گاڑیاں پولیس نے برآمد کی ہیں وہ ان کے مالکان تک پہنچانے کے لئے پولیس ہرممکن اقدامات کرے گی ، تمام تھانہ انچارجز سے بھی کہا گیا ہے کہ جن کی حدود میں گاڑی چوری یا ڈکیتی کی کوئی رپورٹ درج ہو تو متاثرہ شخص سے رابطہ کر کے اس کی گاڑی کے کوائف حاصل کئے جائیں اور رپورٹ کے مطابق گاڑی کے انجن چیچز نمبر چیک کر کے مذکورہ گاڑیاں قانونی طریقہ کار کے مطابق مالکان کے حوالے کی جائیں، انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے خلاف ضلع بھر میں آپریشن جاری ہے ، شہری ودیہی علاقوں ، قومی شاہراہوں سمیت تمام علاقوں میں امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے پولیس نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں ، تمام علاقوں میں پولیس کی گشت کو بڑھایا گیا ہے جبکہ داخلی راستوں پر پولیس کی عارضی چوکیاں قائم کر کے مشکوک گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی چیکنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں ، فحاشی، جوا کے اڈوں اور معاشرتی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، امن وامان کی فضا کو بحال رکھنا اور عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، تمام پولیس افسران پر یہ واضح کیا گیا ہے کہ وہ جرائم کی مکمل سرکوبی میں اپنا کلیدی کردار اداکریں جو افسر اور اہلکار اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، غفلت اور کوتاہی برتنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔