• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادیہ عارف، گوجرانوالہ

موسمِ سرما میں جِلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ روغنِ بادام، سرسوں اور زیتون کے تیل کا استعمال بڑھایا جائے۔ رات کو اِن میں سے کسی بھی تیل سے ہاتھوں، پاؤں اور چہرے کا ہلکے ہاتھوں سے مساج کرلیا جائے، تو یہ تیل رات بَھر جِلد میں جذب ہوکر جِلد کی نمی کی ضرورت پوری کر سکتا ہے۔ پھر دہی میں قدرتی طور پر خاصی چکنائی موجود ہوتی ہے، تو اگر ایک چائے کا چمچ شہد اور دو کھانے کے چمچ دہی لے کر اچھی طرح مکس کرکے اِس کا پیسٹ بنا لیں اور اِسے چہرے، ہاتھوں، پائوں، گردن وغیرہ پر لگائیں، تو اِس سے بھی جِلد کی نمی کی ضرورت خاصی حد تک پوری ہوجاتی ہے۔ 

ناریل کا تیل سردی میں اکثر جم جاتا ہے، اُسےگرم کرکے، اُس میں چوتھائی حصّہ زیتون اور بادام کا تیل ملا کر بالوں کی جَڑوں میں ایک آدھ گھنٹے کے لیے لگا رہنے دیں، تو بال روکھے نہیں ہوں گے۔ سردی میں ہونٹوں کو گلابی، نرم و ملائم رکھنے کے لیےایک تو اُن پربار بار زبان پھیرنے سے گریز کریں۔ دوم، کوئی سی بھی اچھی سی لِپ بام دن میں کئی بار لگائیں۔ بعض اوقات کچھ ٹوتھ پیسٹ بھی ہونٹوں کو خُشک کر دیتے ہیں، تو دانت برش کرنے کے بعد تو لازماً بام کا استعمال کریں۔ 

کیمیکل والی لپ اسٹکس سے ہر صُورت اجتناب برتیں۔ پھر شہد ایک بہترین موائسچرائزر بھی ہے، تو خاص طور پر شدید سردی میں ہونٹوں پر دن میں دو سے تین بار شہد ضرور لگائیں۔ اِسی طرح کیسٹرآئل کےاستعمال سے بھی ہونٹوں کی قدرتی نرمی و ملائمت برقرار رہتی ہے۔ اگر ہونٹ زیادہ پھٹ جائیں، تو آدھا چائے کا چمچ چینی اور شہد لے کر اُس کاپیسٹ بنا لیں اور اسے پندرہ منٹ تک ہونٹوں پر لگارہنے دیں۔ 

اپنے پیروں کی حفاظت کے لیےایک ٹب میں گرم پانی لےکر اُس میں تھوڑا سا نمک اور شیمپو ڈالیں اور کچھ دیر تک اپنے پاؤں اُس میں ڈبو کر رکھیں، پھر کسی معیاری جھانوے سے آہستہ آہستہ رگڑ کر صاف کر لیں۔ بعدازاں، تولیے سے خشک کر کے پیٹرولیم جیلی لگالیں۔