• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: آل پاکستان ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ اختتام پذیر

کراچی میں ہونے والی آل پاکستان ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ کا اختتام ہوگیا۔ ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، ایونٹ میں شریک طلبہ و طالبات نے بد انتظامی کی شکایت کی۔

پہلی مرتبہ کراچی میں ہونے والے انٹریونیورسٹی گیمز اختتام پذیر ہوگئے، ایونٹ کے 8 گیمز میں 25 یونیورسٹیز کے پلیئرز نے حصہ لیا۔

ایک جانب جہاں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری رہے وہیں ایونٹ میں بدانتظامی بھی عروج پر رہی۔

کھلاڑی میچز کے مصروف شیڈول سے سخت پریشان دکھائی دیے، تھکن سے چور کھلاڑی کھیل کے وینیو پر ہی نیند پوری کرنے کی کوشش کرتے رہے جبکہ کئی میچز رات ایک دو بجے تک بھی جاری رہے۔

پلیئرز رہائش پر تو خوش تھے لیکن وہاں نہ کچن کی سہولت تھی اور نہ ہی پکانے کا کوئی خاص انتظام تھا۔ کھانے پینے کےلیے کھلاڑیوں کو کافی دور جانا پڑتا تھا۔ کھیل کے وینیوز بھی فاصلے پر ہونے کی وجہ سے پلیئرز کو بروقت پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا۔

مقامی یونیورسٹی میں والی بال کورٹ کی چھت اتنی نیچی تھی کہ گیند بار بار چھت سے ٹکرا رہی تھی جس کی وجہ سے ٹیموں کے پوائنٹس ضائع ہوتے رہے۔

زخمی کھلاڑیوں کےلیے ابتدائی طبی امداد کا کوئی انتظام موجود نہ تھا اور تو اور کراچی یونیورسٹی کے آرچری پلیئرز کو کھیل سے روکنا بھی گیمز کی ساخت کو نقصان پہنچانے کا سبب بنا۔

ان حوالوں سے جب ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید علی میمن سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شامل تمام جامعات کو فنڈز دے دیے گئے ہیں جبکہ پلیئرز کو ڈیلی الاؤنس بھی پہنچایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ تین، چار وینیوز پر گیمز ہو رہے ہیں، کراچی میں ایسی کوئی یونیورسٹی موجود نہیں جہاں تمام کھیلوں کا مکمل انفرااسٹرکچر موجود ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ رزلٹ حاصل کرنے کےلیے بھی کافی مشکلات رہیں، اسی وجہ سے مختلف وینیوز کا انتخاب کیا گیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد تھے جنہوں نے انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی ترویج طلبا کی مثبت سوچ کو مزید تقویت فراہم کرتی ہے۔

آٹھ کھیلوں کے مشترکہ رزلٹ میں مردوں کی آرچری میں یونیورسٹی آف پنجاب کامیاب رہی۔

ویمنز میں کرچی یونیورسٹی نے کامیابی حاصل کی، نیٹ بال مینز میں پنجاب یونیورسٹی، ویمنز فٹبال اور ویمنز ہاکی میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے فائنل جیت کر آل پاکستان چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید