پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے پشاور دھماکے کے زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے میڈیکل ٹیمیں پشاور بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بات پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور سے جاری کیے گئے بیان کے ذریعے بتائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پشاور دھماکے کے زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے میڈیکل ٹیمیں پشاور بھجوا رہے ہیں، زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ 13 رکنی میڈیکل ٹیم ضروری ادویات اور خون لے کر پشاور روانہ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکے میں معصوم نمازیوں کی شہادت سانحے سے کم نہیں، پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا ہے کہ نمازیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے درندے عبرت ناک سزا کے مستحق ہیں۔
پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ کا یہ بھی کہنا ہے کہ المناک واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔