• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری پر الزامات: اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کا جواب مسترد کردیا

اسلام آباد پولیس نے سابق صدر آصف زرداری پر الزامات کے معاملے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا جواب مسترد کرتے ہوئے کل شام تک ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس شیخ رشید کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کرے گی۔

پولیس حکام کے مطابق وکیل کے ذریعے جواب قابل قبول نہیں ہے، شیخ رشید سابق صدر پر عائد کیے گئے الزام کا ثبوت پیش کریں۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ شیخ رشید کیلئے کل شام 4 بجے تک پولیس کے روبرو پیش ہونے کا آخری موقع ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد پولیس انکوائری میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ شیخ رشید پیش ہو کر اپنے بیان کی وضاحت کریں ورنہ قانونی کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے وکیل کے ذریعے جمع کروائے گئے اپنے جواب میں  موقف اختیار کیا تھا کہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کا از خود کوئی الزام نہیں لگایا، عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس معاملے کے کوئی شواہد نہیں، نہ میرا کوئی تعلق ہے، میرے خلاف دی گئی درخواست سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ درخواست گزار نے اپنی شناخت غلط ظاہر کی، جعلی شناختی کارڈ نمبر لکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید