• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کے طوفان میں مسلم لیگ ن کا کوئی قصور نہیں، رانا ثناء اللّٰہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان میں مسلم لیگ ن کا کوئی قصور نہیں، مہنگائی پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے کی وجہ سے آئی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ آنکھیں بند کرکے معاہدہ کیا۔

بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر عمل کرنا ہماری مجبوری بنی، اگر آئی ایم ایف معاہدہ آگے نہ بڑھاتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا، ن لیگ نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کی گئی، ملک بد بخت ٹولے کے سپرد کیا گیا، عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد کو سِیل کر دوں گا، اور  اسلام آباد سے جوتے کھا کر بھاگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا انسانوں کا سمندر اسلام آباد لے کر آؤں گا، سب نے دیکھا کس طرح بھاگا، اگلے الیکشن میں اس کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کیا جائے، جو عمران خان کو مائنس کرے گا وہ مسلم لیگ ن کا مجاہد ہوگا، ایسا نہ ہوا تو یہ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مریم نواز کا جمہوری جدوجہد میں لمبا سفر ہے، مریم نواز کو پابند سلاسل کیا گیا، جیل میں ڈالا گیا، نواز شریف کو تکلیف پہنچانے کیلئے مریم نواز کو ان کے سامنے گرفتار کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پروپیگنڈے آنے والے دنوں میں دم توڑیں گے، مسلم لیگ ن پنجاب کے الیکشن میں اکثریت لے کر حکومت بنائے گی، مریم نواز نے پورے ملک میں عوام کو متحد کیا۔

قومی خبریں سے مزید