شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)تحصیل کونسل سے ٹی ایم او زبیر وٹو کے جبری طور پر تبادلے کے ساتھ ہی اس کونسل میں سنگین نوعیت کی مالی بے ضابطگیوں کے انکشافات ہورہے ہیں باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کونسل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چند ماہ سے یہ ہورہا تھا کہ کونسل کے اندر بھی برانچوں میں تبادلے رشوت لیکر کئے جاتے تھے اور سب سے زیادہ رشوت محکمہ بلڈنگز اور تہہ بازاری کے علاوہ رجسٹری فیس کی وصولی کی سیٹ حاصل کرنے کی خاطر لی جاتی تھی جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہونے پر ایک افسر نے دکانوں پر چھاپے مارنے کیلئے تین ملازمین کی ڈیوٹیاں لگادی تھیں جو دیہی علاقوں سے روزانہ ہزاروں روپے اکٹھے کرکے بہت کم رقم سرکاری خزانے میں جمع کرواتے تھے ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ رمضان بازاروں کیلئے ٹینٹوں اور قناتوں کی خریداری میں بھی لاکھوں روپے کی خرد برد پکڑی گئی تھی جس میں ملوث افسروں کے خلاف اعلیٰ حکام کارروائی کی ہدایت کرچکے ہیں ، دریں اثناء تحصیل کونسل کے ذرائع نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے اور کہا ہے کہ ٹی ایم او کا تبادلہ رمضان بازار بروقت نہ لگانے کے بارے میں ڈی سی او کی شکایت پر ہوا ہے ۔