• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی غبارہ امریکیوں کیلئے خطرہ نہیں: پینٹاگون

امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی غبارے سے زمین پر موجود لوگوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں۔

یہ بات پینٹاگون کے ترجمان نے مبینہ چینی غبارے کے امریکا کے اوپر پرواز کرنے کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی غبارہ اس وقت تجارتی ہوائی ٹریفک سے کافی بلندی پر سفر کر رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایک مشتبہ چینی جاسوس غبارہ چند دنوں سے امریکا کے اوپر پرواز کر رہا ہے، اس غبارے کی آمد پر مونٹانا میں ایف 22 طیارے متحرک کر دیے گئے تھے۔

غبارے کو فضا میں نشانہ نہ بنانے کا مشورہ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی فوجی حکام نے صدر جو بائیڈن کو جاسوس غبارے کو فضا میں نشانہ نہ بنانے کا مشورہ دیا تھا اور کہا تھا کہ فضا میں غبارے کو نشانہ بنانے سے اس کے ملبے سے خطرہ ہو سکتا ہے۔

امریکی اہلکار کے مطابق جاسوس غبارہ امریکا میں داخلے سے قبل الاسکا کے جزائر اور کینیڈا کے قریب دیکھا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے بذریعہ سفارتی ذرائع اس صورتِ حال سے چینی ہم منصبوں کو آگاہ کر دیا ہے۔

بلنکن کا دورۂ چین متاثر ہونے کا خدشہ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کا اگلے ہفتے چین کا دورہ طے ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاسوس غبارے کی آمد امریکی سیکریٹری خارجہ کے دورۂ چین پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید