• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلال اشرف ’یونہی‘ میں مایا علی کے مدمقابل ٹی وی ڈیبیو کریں گے

ماہرہ خان کے مد مقابل کامیاب پاکستانی فلم ’سپر اسٹار‘ میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے والے اداکار بلال اشرف ڈرامہ سیریل ’یونہی‘ کے ذریعے ٹیلیویژن کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔

ڈرامہ میں ان کے ہمراہ فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی ہیروئن مایا علی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

’یونہی‘ ایک ہلکی پھلکی رومانوی سیریل ہے جس کے ہدایت کار محمد احتشام الدین ہیں۔

اس سیریل میں مایا علی اور بلال اشرف بالترتیب کنیز فاطمہ اور داؤد کے مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

داؤد نہایت سادہ لوح جب کہ کنیز صاف گو مزاج کی مالک ہے، دونوں ایک ہی ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں لیکن مختلف معاشروں میں پروان چڑھتے ہیں۔

محبت کا رشتہ استوار ہونے کے بعد وہ زندگی کے بارے میں ایک دوسرے کے مختلف نقطہ نظر کو برداشت کرنا اور ان کا احترام کرنا سیکھتے ہیں۔

یہ سیریل ان دونوں کرداروں کی زندگی کے مسائل اور معاشرے کی جانب سے دیے گئے چیلنجز کا احاطہ کرتے ہوئے ثقافتی اختلافات اور ان میں ضم ہونے کی کوششوں کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کرتا ہے۔

ڈرامے کے دیگر نمایاں ستاروں میں بہروز سبزواری، دیپک پروانی، تزین حسین، طاہرہ امام، منظور قریشی، ماہا حسن، خاقان شاہ نواز، عظمیٰ بیگ، سعد فریدی، لائبہ خرم اور دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مایا علی شعیب منصور کی رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’آسمان بولے گا‘ کی ہیروئن بھی ہیں، یہ فلم جیو فلمز کے تحت سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید