مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ’ہولی سولز‘ نامی ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے 2 لاکھ سے زائد سبکسرائبرز کے نام اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔
مائیکروسافٹ کے سیکیورٹی ریسرچرز نے کہا کہ ایرانی حکومت کی پشت پناہی سے کام کرنے والی ہیکنگ ٹیم نے فرانسیسی میگزین کا کسٹمر ڈیٹا چرایا اور اسے لیک کر دیا۔
جنوری کے آغاز میں میگزین ہیک ہوگیا تھا، اس سے کچھ وقت قبل ہی میگزین میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے کارٹون شائع ہوئے تھے۔
یہ کارٹون ایران میں جاری حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کی حمایت میں شائع کیے گئے تھے۔
مائیکروسافٹ ریسرچرز کا کہنا ہے کہ چارلی ہیبڈو کو نشانہ بنانے والی ہیکنگ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اثرانداز ہونے کے آپریشن کا حصہ ہے اور اس میں وہی تکنیک استعمال کی گئی جیسا کہ کچھ اور سرگرمیوں میں ایرانی حمایت یافتہ ہیکنگ ٹیمز نے کی تھی۔
مائیکروسافٹ نے کہا کہ ہیکرز کی طرف سے حاصل کردہ معلومات میگزین سبکسرائبرز کو آن لائن اور فزیکل طور پر انتہاپسند تنظیموں کا نشانہ بنا سکتی ہیں۔