وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آج کسی ٹیم کی نہیں بلکہ پاکستان، بلوچستان اور کشمیر کاز کی فتح ہوئی ہے۔ نجم سیٹھی سے گزارش کروں گا کہ کوئٹہ میں بڑے میچز کا انعقاد کروائیں۔
بگٹی کرکٹ گراؤنڈ کوئٹہ میں پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام اب بےامنی پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا شکریہ کہ انہوں نے امن کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا، اب بلوچستان میں کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پی سی بی سے کہوں گا کوئٹہ میں کرکٹ مقابلوں کا مسلسل انعقاد کیا جائے۔
ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی کھلاڑیوں کا بین الاقوامی میچز پر کوئٹہ کے میچ کو ترجیح دینے پر مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہر فرد جذبہ حب الوطنی سے سرشار نظر آیا۔ میچ کو کامیاب بنانے کےلیے عوام، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، کھلاڑیوں اور سیکیورٹی فورسز نے کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس، محکمہ داخلہ، انتظامیہ اور ایف سی کی کارکردگی قابلِ تحسین رہی۔