• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں و کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، حق خودارادیت کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، مقررین

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہم ایم پی، چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ شیڈو منسٹر اینڈریو گوون ایم پی ،بانی چیئرمین جموں کشمیر تحریک حق خوارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین(ستارہ پاکستان) پارلیمانی سیکرٹری حکومت آزاد کشمیر تقدیس گیلانی، ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر کونسلریاسمین ڈار نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے بنیادی حق خودارردیت کے حصول کیلئے دنیاکے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور عالمی رائے عامہ کو یہ باور کرایا جائے گا کہ ریاست جموں وکشمیرکے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق کشمیری عوام کاہے جسے اقوام متحدہ کے فورم پر پوری بھارت اور پاکستان سمیت پوری دنیا نے تسلیم کر رکھا ہے۔ کشمیری عوام اہل پاکستان اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہر سال ریاستی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کر کے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے شہر اولڈہم میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ’’ہفتہ یکجہتی کشمیر‘‘ کے سلسلہ میں پہلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کی میزبانی اور صدارت جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نے کی۔ اس افتتاحی تقریب میں طارق وزیر قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر، مس زوبیہ خورشید راجہ یوتھ لیڈر پی پی پی آزاد کشمیر، سردار عبدالرحمٰن خان سرپرست تحریک حق خودارادیت، کونسلرنائلہ شریف چیئرپرسن JKSDMI نارتھ آف انگلینڈ، کونسلرصبیحہ خان چیئرپرسن برٹش مسلم ویمنز فورم UK، ہیری بوٹا ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر تحریک حق خود ارادیت، ذیشان عارف چیئرمین یوتھ ونگ تحریک حق خو دارادیت یوتھ ونگ برطانیہ، ڈاکٹر محمد یونس پرویز، کونسلرالیون شاہ، ڈاکٹر محمدیونس پرویز، کونسلر السن گون،کونسلر شاہد مشتاق، کونسلر نائلہ ابراہیم، کونسلررب نواز اکبر، نغمانہ کنول شیخ، مسٹر امتیاز شیخ، یاسمین عالم، ثمینہ صغیر، پامیلا اشرف ملک، جاوید طارق،راجہ راشد حسین، چوہدری محمد اکرم، حاجی منظو،ر محمد خاقان عباسی، صوفی اکبر، راجہ سجاول خان،چوہدری شاہد الطاف، چوہدری محمد بشیر رٹوی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نےشرکت کی۔آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہم ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے ہر فورم پر آوازبلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو ریاست کے دونوں اطراف کے عوام کو ان کےبنیادی حقوق دینے چاہئیں، ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے،ڈیبی ابراہمز نے کہا کہ کشمیریوں کا مسئلہ ان کے اُس بنیادی حق کا مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ نے اپنے فورم پر تسلیم کر رکھا ہے۔انہوں نے راجہ نجابت حسین کی قیادت میں تحریک حق خودارادیت کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کا یقین دلایا۔ چیئرمین لیبرفرینڈز آف کشمیر برطانیہ شیڈو منسٹر اینڈریو گوون ایم پی نے خطاب کرتے ہوئےکہا کشمیر بائی لیٹرل مسئلہ نہیں ہے بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے،کشمیری عوام 75 سالوں سے منقسم ہیں جس کا بہت نقصان ہو رہا ہے، کشمیریوں میں اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق انہیں اپنا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے، پاکستان اوربھارت کشمیریوں کےمستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتے ،یہ حق صرف کشمیری عوام کا ہے بانی چیئرمین جموں کشمیرتحریک حق خوارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان)نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یوم یکجہتی کشمیر’’ پر ہم اہل پاکستان اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہر سال ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کر کے دنیا بھر کی توجہ اس اہم انسانی مسئلے کی طرف مبذول کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، حریت کانفرنس کے دفاتر کو سیل کر کے حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے، معصوم کشمیری نوجوانوں، کا قتل عام اور خواتین و طالبات کی کی بے حرمتی کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔آزاد کشمیر حکومت کی پارلیمانی سیکرٹری تقدیس گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ ان کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ برطانیہ بھر کے مختلف سٹی ہالز میں مسئلہ کشمیرکے لیے آواز اٹھانے کا وعدہ بھی کیا۔ تمام مقررین نے راجہ نجابت حسین اور تحریک حق خودارادیت کی ٹیم کے کشمیر کاز کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کی تعریف کی۔

یورپ سے سے مزید