ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت نے شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کی جس کے دوران پراسیکیوٹر عدنان اور مدعی کے وکیل محمد سلمان پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرازق نے شیخ رشید سے ملاقات کی استدعا کر دی۔
جج عمر شبیر نے کہا کہ شیخ رشید اب تو اڈیالہ جیل میں ہیں، آپ ملاقات کر لیں، اڈیالہ جیل میں جوقانون ہے اس کے مطابق چلا جائے گا۔
وکیل عبدالرزاق نے کہا کہ شیخ رشید سے آج لیگل ٹیم کو ملنا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو احکامات جاری کر دیں، انتخابات سے متعلق شیخ رشید کے اہلِ خانہ کو ان سے ملنا ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر ہائی کورٹ گیا تھا، جو ابھی تک ریکارڈ لے کر کچہری نہیں آیا۔
مدعی کے وکیل کی جانب سے 2 دن کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت پر تیاری کرنی ہے، جس کے لیے 2 دن درکار ہیں۔
جج عمر شبیر نے کہا کہ 2 دن تو نہیں لیکن 1 دن کا وقت دے دیتا ہوں۔
عدالت نے شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کل ساڑھے 12 بجے دوپہر تک ملتوی کر دی۔