• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، رمضان کے دوران کھجورمارکیٹ میں قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

سکھر(بیورو رپورٹ) رمضان المبارک میں سکھر کی کھجورمارکیٹ میں کھجور کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، رمضان المبارک میں اچھی او ردرمیانی درجے کی کھجور غریب اور متوسط طبقے کے عوام کی خریداری کی دسترس سے باہر ہوتی دکھائی دے رہی ہے، انتظامیہ،مارکیٹ کمیٹی سرکاری نرخوں پر کھجور کی فروخت کو یقینی بنانے میں تاحال ناکام ہے،اگر حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش ، سبزیوں اور پھل فروٹ خاص طور پر کھجور کی نرخوں کو معمول پر رکھنے اور ناجائز منافع روکنے کے لئے اقدامات نہ کئے جانے کے باعث عوام کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے،لوگ اس خود ساختہ مہنگائی سے بری طرح متاثر ہورہے ہیں، رمضان المبارک میں کھجور جو کہ سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہے اس کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، کھجور کی نئی فصل جولائی کی آخر اور اگست کے ابتداء میں مارکیٹوں میں آئے گی لیکن گذشتہ سال عید کے بعد خریدی گئی کھجور کی فصل سکھر سمیت سندھ اور ملک کے دیگر کولڈ اسٹوروں میں رکھی گئی ہے جس سے کھجور کے چھوٹے ،بڑے تاجر اور سرمایہ دار جو کھجور کے تاجروں کے ساتھ مل کر کھجور کو کولڈ اسٹور میں رکھتے ہیں ، انہیں رمضان المبارک میں بھاری مالی آمدن ہونے کا امکان ہے، کولڈ اسٹور میں رکھی گئیں مختلف اقسام کی کھجوریں سکھر کی مارکیٹوں میں آنا شروع ہوگئی ہیں، کھجور مارکیٹ میں تاجر کھجور کو مختلف اقسام کے تیل سے چمکانے اور سجانے میں مصروف ہیں اور رمضان المبارک کے دوران کھجوروں پر بعض تاجروں نے اپنی مرضی سے منافع وصول کرنے کے لئے کمر کس لی ہے۔ایوان صنعت وتجارت سکھر کے صدر عامر علی خان غوری، عرفان صمد، محمد دین، ملک یعقوب، اسرار بھٹی، سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی ہارون میمن، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن، جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی صدر مفتی محمد ابراہیم قادری، سنی تحریک کے صوبائی رہنماء حافظ محبوب علی سہتو، نور احمد قاسمی، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء عبدالحق مہر،شہری اتحاد کے چیئرمین عبیداللہ بھٹو ابن آزاد، سکھر پارٹیز الائنس کے چیئرمین مشرف محمود قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حزب اللہ جکھرو، نذیر کمبوہ، تحریک انصاف کے رہنماء محمد ایوب فاروقی سمیت دیگر سیاسی،سماجی،مذہبی ،تنظیموں کے رہنماؤں نے حکومت خاص طور پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضرورت کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو رمضان المبارک میں خود ساختہ مہنگائی سے بچایا جا سکے۔
تازہ ترین