جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ ملکی حالات کی بدتری میں عمرانی حکومت کا بڑا کردار ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ عمرانی حکومت نے چار سال اپوزیشن کو زیر کرنے میں گزارے۔ عمران حکومت کے کارنامے موجودہ حکومت کے گلے پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حالات سدھارنے کےلیے ہاتھ پاؤں مارے۔ ہم روز اول سے الیکشن چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحاد کا حصہ تھے، اسے نہیں چھوڑ سکتے۔ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر ملکی مسائل کا حل نکالنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح نیشنل ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ بلاوجہ الیکشن ملتوی ہو جائیں۔ اسمبلیوں کی متعین تاریخ پر انتخابات ہونے چاہئیں۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سوچا ملک کو سنبھال لیں گے لیکن ایسا نہ کرسکے۔ ہمیں دوبارہ آئی ایم ایف کی طرف جانا پڑا۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم ایسے جکڑے ہوئے ہیں کہ بغیر کسی معاہدے کے مشکلات سے نکلنا ممکن نظر نہیں آ رہا۔