اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرر کیلئے حکومت نے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں ذرائع کے مطابق پیر کو وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کیساتھ ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن ارکان کے تقرر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن ارکان کے تقرر کیلئے نام پہلے ہی بھجوا چکی ہے، چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے ارکان مکمل طور پر آزاد اور بالکل غیرجانبدار ہوں۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی سڑکوں کی سیاست نہیں کرنا چاہتی، تاہم ٹی او آر پر ڈیڈ لاک برقرار رہا تو حتمی فیصلہ پارٹی کرے گی۔ اس معاملے پر آصف علی زرداری سے رائے لی ہے انہوں نے بھی متحدہ اپوزیشن کی مشاورت سے آگے بڑھنے کی حمایت کی ہے۔