جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کراچی کی عدالت نے کیماڑی کے علاقے علی محمد گوٹھ میں مبینہ طور پر زہریلی گیس سے جاں بحق افراد کی قبر کشائی سے متعلق پولیس کی درخواست منظور کرلی۔
کیماڑی علی محمد گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاکتوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے 18 افراد کی قبر کشائی سے متعلق پولیس کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے سیکریٹری صحت کو قبر کشائی کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ تمام افراد کی موت کی وجہ جلد از جلد بتائی جائے اور وجہ موت سے متعلق 7 روز میں رپورٹ جمع کروائی جائے۔
واضح رہے کہ 26 جنوری کو کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گزشتہ چند روز میں زہریلی گیس سے متاثرہ 18 بچوں کی اموات کا انکشاف ہوا تھا۔ واقعے کے بعد چار کمپنیوں کو سیل کرکے ایک مالک اور دیگر کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔