پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے معاملات طے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی وزیراعظم سے ویڈیو لنک پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آئی ایم ایف کی ویڈیو لنک ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاملات کی منظوری دے دی ہے۔
باہمی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی کا مسودہ آج فائنل کرلیا گیا، آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا آج آخری دن ہے۔
اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قوم کو اچھی خبر دیں گے اور آج ہی آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پا جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات آن ٹریک ہیں، کوئی اختلاف نہیں، آج فائنل راؤنڈ چل رہا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات میں اصلاحات اور ان پر اقدامات پر اتفاق رائے ہو گیا۔
گزشتہ روز وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ حکومت اور آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں کی وزیراعظم سے منظوری لے لی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اب چیزوں کے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔