پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہو گیا ہے۔
فیصلے میں پی ٹی آئی کے 35 ارکان کے استعفوں سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرکے سماعت مکمل ہونے تک دوبارہ انتخاب کروانے سے منع کیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر کے فیصلے کو نہیں چھیڑا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی کے 22 جنوری کے نوٹیفکیشن کی کاپی نہیں لگائی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے فیصلے کےخلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ارکان کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر حکم امتناعی کا عبوری تحریری حکم جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کا ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن 7 مارچ تک معطل رہے گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو ان نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے بھی روک دیا۔