• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹرز کا استعمال، الیکشن کمیشن کا قومی احتساب بیورو کو خط

فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر عمران خان اور دیگر سے ریکوری کے معاملے پر قومی احتساب بیورو کو خط لکھ دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق عمران خان اور دیگر غیر مجاز افراد کو متعلقہ فورم سے نادہندہ قرار دیا جائے، نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کے لیے نادہندگان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھیجی جائے گی۔

نیب دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز میں 1800 غیرقانونی سفر کیے گئے، سیاست دانوں نے 588، سرکاری اہلکاروں نے577 بار ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا جبکہ دیگر افراد نے بھی 635 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹرز کےذریعے سفر کیا۔

دستاویز کے مطابق غیرمجاز افراد کے خلاف 19 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں، سیاست دانوں کے ذمے 9 کروڑ68 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں جبکہ سرکاری اہلکاروں کے ذمے 5 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایاجات بنتے ہیں اور دیگر افراد کے ذمے 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی نے یکم نومبر 2008 سے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کو قانونی قرار دیا تھا۔

مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹرز کے استعمال پر قانون میں ترمیم پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید